نیویارک : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) فلسطینی رہنما محمود عباس نے کہا ہے کہ دو ریاستی حل کے بغیر مشرق وسطیٰ میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سےگزشتہ روز خطاب میں فلسطینی رہنما محمود عباس نے کہا کہ جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ فلسطینی عوام اپنے مکمل، جائز قومی حقوق سے لطف اندوز ہوئے بغیر مشرق وسطیٰ میں امن قائم ہو سکتا ہے، وہ غلطی پر ہیں ۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے بین الاقوامی کانفرنس بلائیں۔
ان کاکہنا تھا کہ امریکہ نے جو تاریخی لحاظ سے ر دونوں فریقوں کے درمیان امن کے لئے سہولت کار ہے، اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی سخت دائیں بازو کی حکومت کے ساتھ سنجیدہ مذاکرات کو ترک کر دیا ہے، جس نے مقبوضہ مغربی کنارے میں متنازعہ بستیوں کو آگے بڑھایا ہے۔
فلسطینی رہنما نے کہا کہ اقوام متحدہ کی کانفرنس دو ریاستی حل کو بچانے اور حالات کو مزید سنگینی سے بگڑنے اور ہمارے خطے اور پوری دنیا کی سلامتی اور استحکام کو خطرے میں ڈالنے سے بچانے کا آخری موقع ہو سکتا ہے۔