معاشی چیلنجز سے نکلنے کیلئے لانگ ٹرم معاشی پالیسیاں تشکیل دینا ہونگی، صدر اسلام آباد چیمبر

اسلام آباد: (کامرس ڈیسک) اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے صدر احسن بختاوری نے کہا کہ معاشی چیلنجز سے نکلنے کیلئے لانگ ٹرم معاشی پالیسیاں تشکیل دینا ہوں گی۔

صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس نے مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈسٹری کیلئے شرح سود میں کمی کی جائے، انڈسٹری کا پہیہ چلے گا تو ہی ملکی معاشی طور پر آگے جائے گا، موجودہ شرح سود میں کاروبار کرنا ممکن نہیں رہا۔

صدر آئی سی سی آئی نے کہا بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے پیداواری لاگت میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے، زرعی ملک ہونے کے باوجود ہمیں سالانہ 6 سے 7 ارب ڈالرز سے زیادہ کی زرعی اجناس درآمد کرنا پڑتی ہیں، معاشی بحران کے حل اور ملکی مفاد میں تمام سیاسی جماعتوں کو میثاق معیشت کرنا چاہئے۔

صدر اسلام آباد چیمبر نے مزید کہا بزنس کمیونٹی کی مشاورت سے معاشی پالیسیاں تشکیل دی جائیں، برآمدات بڑھانے کیلئے علاقائی ممالک پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے، گوادر اور سی پیک پر ترقیاتی کام مزید تیز کیا جائے، پی ڈی ایم کی حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا جس پر وہ مبارکباد کی مستحق ہے۔