16 ستمبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک اور بڑے اضافے کا امکان

پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافہ ہو سکتا ہے

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) 16 ستمبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک اور بڑے اضافے کا امکان ظاہر کر دیا گیا۔ الیکٹرانک میڈیا کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لیٹر اضافہ ہو سکتا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن ذرائع کے مطابق 16 ستمبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک اور بڑے اضافے کا امکان ہے۔
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی بلند ہوتی قیمتیں پاکستان میں مہنگائی کے نئے طوفان کے خدشات کو جنم دے رہی ہیں۔ ڈالر کی قیمت میں مذید کمی نہ ہوئی تو 16 ستمبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھیں گی۔ گلف مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت88 ڈالر فی بیرل سے بڑھ کر 93 ڈالر تک پہنچ گئی۔
ایک ہفتے کے دوران عالمی مارکیٹ میں خام تیل 5 ڈالر فی بیرل مہنگا ہو چکا ہے۔

ادھر اوگرا نے ایل این جی کی قیمت میں اضافہ کر دیا۔ ایل این جی کی قیمت رواں ماہ کے لئے مقرر کی گئی ہے اوگرا نے قیمت میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب اور خیبر پختون خوا کے صارفین کے لئے ایل این جی کی نئی قیمت 12.83ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے جب کہ بلوچستان اور سندھ کے صارفین کے لئے ایل این جی کی نئی قیمت 13.36ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی ہے۔
سوئی ناردرن کے لیے ایل این جی کی قیمتوں میں 0.34 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے اسی طرح سوئی سدرن کے لئے ایل این جی کی قیمت میں 0.39 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعت کی طرح بجلی کی فی یونٹ قیمت میں بھی مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے اور اس حوالے سے نیپرا نے سماعت مکمل کر لی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیپرا نے حکومت کی کراچی کے شہریوں کے لیے بجلی مزید 10روپے32پیسے مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل کر لی ہے۔
نیپرا نےوفاقی حکومت کی درخواست پر تین مختلف سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے کراچی کے شہریوں کے لیے فی یونٹ قیمت بڑھانے کی درخواست پر سماعت کی۔ کراچی کے صنعتکاروں، سیاسی رہنماﺅں اور شہریوں کے شدید تحفظات کے باوجود اس سماعت کے بعد کراچی کے شہریوں کے لیے بجلی کی قیمت بڑھائے جانے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندے تنویر باری نے کہا ہے کہ ”ہم بجلی مزید مہنگی کرنے کی حکومتی درخواست مسترد کرتے ہیں۔“ جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ ”لوگوں کا حال دیکھیں، کیا ہو گیا ہے۔ کے الیکٹرک کا تو لائسنس منسوخ کیا جانا چاہیے۔ خدارا یہ اضافہ نہ کریں، لوگوں کو مت ماریں، لوگ بل ادا نہیں کر سکیں گے۔“