تل ابیب : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو رواں ماہ امریکہ کا دورہ کریں گے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم 18ستمبر کو سلیکون ویلی میٹنگز کے لیے سان فرانسسکو پہنچیں گے، اس سے پہلے نیویارک روانہ ہوں گے، جہاں وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کریں گے۔
نیتن یاہو کے ترجمان نے کہا کہ دورے کے دوران امریکی حکام اور صدر جو بائیڈن سے ملاقات کی توقع نہیں ہے، نیتن یاہو کے گزشتہ سال کے آخر میں دوبارہ انتخاب کے بعد اسرائیل کے دیرینہ اتحادی امریکہ کا پہلا دورہ ہوگا۔
بائیڈن نے عدالتی اصطلاحات کے منصوبے پر تنقید کی ہے جس پر نیتن یاہو کی سخت گیر حکومت آگے بڑھ رہی ہے، جسے ناقدین اسرائیل میں جمہوریت کے لیے خطرہ قرار دیتے ہیں۔
امریکی صدر نے حال ہی میں اسرائیلی صدر اسحاق ہرتصوغ کی میزبانی کی، تاہم نیتن یاہو کو دسمبر میں اقتدار میں واپسی کے بعد سے ابھی تک وائٹ ہاؤس میں مدعو کیا جانا باقی ہے جسے بائیڈن نے اسرائیلی تاریخ کی “انتہائی انتہا پسند” انتظامیہ میں سے ایک قرار دیا تھا۔