ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں جولائی کے مقابلے میں اگست میں اضافہ

اسلام آباد (کامرس ڈیسک) ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں سالانہ بنیادوں پرکمی جبکہ جولائی کے مقابلے میں اگست میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔پاکستان بیورو برائے شماریات اور آپٹما کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی اور اگست میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کا حجم 2.79ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 10.6فیصدکم ہے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو3.12ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ اگست میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو1.48ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ سال اگست کے مقابلے میں 6.3فیصد کم ہے۔ گزشتہ سال اگست میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات کا حجم 1.38ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ جولائی کے مقابلے میں اگست میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 13فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ جولائی میں ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات سے ملک کو1.31ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو اگست میں بڑھ کر1.48ارب ڈالر ہوگیا۔