بھارت: 2 مسلمان طالبعلموں کے جھگڑے پر ہندو ٹیچر کا تعصبانہ رویہ سامنے آ گیا

نئی دہلی: (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت کے سکول میں بچوں کے جھگڑا کرنے پر ہندو ٹیچر نے مبینہ طور پر 2 مسلمان طالب علموں سے ناروا سلوک کرتے ہوئے انہیں پاکستان جانے کا کہہ دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کرناٹک کے شیوموگا ضلع میں موجود ایک سکول میں 5 ویں کلاس کے دو مسلمان طالب علم آپس میں جھگڑ رہے تھے جس پر ٹیچر کو غصہ آگیا اور طالب علموں سے کہا کہ پاکستان چلے جاؤ، یہ ہندوؤں کا ملک ہے۔

محکمہ تعلیم کے افسر کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ہم نے ٹیچر کا دوسرے سکول میں تبادلہ کر دیا ہے، ٹیچر کے خلاف ادارہ جاتی تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہے، رپورٹ سامنے آنے کے بعد اس کے خلاف مزید کارروائی کی جائے گی۔