چیئرمین واپڈا کا تربیلا توسیعی پن بجلی منصوبے کا دورہ، تعمیراتی کام کا جائزہ لیا

اسلام آباد: (کامرس ڈیسک) چیئرمین واپڈا سجاد غنی نے تربیلا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کا دورہ کیا اور مختلف سائٹس پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔

چیئرمین واپڈا کے ساتھ ورلڈ بنک اورایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک کا وفد بھی ہمراہ تھا، چیئرمین واپڈا نے کنٹریکٹر کو ہدایت کرتے ہوئے کہا منصوبے کی شیڈول کے مطابق تکمیل کے لئے ریکوری پلان پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

سجاد غنی نے کہا ہائی فلو سیزن کے باوجود منصوبے کے پاور ہاؤس اور ٹیل ریس پر تعمیراتی کام جاری ہے، منصوبے کی تعمیر کے لئے ورلڈ بنک 390 ملین ڈالر، ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بنک 300 ملین ڈالر فراہم کررہا ہے۔

چیئرمین واپڈا نے کہا تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کی پیداواری صلاحیت ایک ہزار 530 میگاواٹ ہے، بجلی کی پیداوار2025ء میں شروع ہو جائے گی، منصوبے کی تکمیل سے تربیلا ڈیم سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 4 ہزار 888 میگاواٹ سے بڑھ کر6 ہزار 418 میگاواٹ ہو جائے گی۔