پانی اور سیوریج کے بلوں میں بھاری اضافہ کر دیا گیا

واسا نے گھریلو صارفین کے پانی اور سیوریج بلوں میں 175 فیصد اضافہ کر دیا

راولپنڈی (نیوز ڈیسک) حکومت کا عوام کو ایک اور دھچکا، پانی اور سیوریج کے بلوں میں بھی بھاری اضافہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق واسا نے گھریلو صارفین کے پانی اور سیوریج بلوں میں 175 فیصد اضافہ کر دیا۔ واسا لاہور ، فیصل آباد ، ملتان ، گوجرانوالہ اور راولپنڈی کے گھریلو اور کمرشل صارفین کے پانی اور سیوریج بلوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
واسا ذرائع کا کہناہے کہ واسا کا ٹیرف 2009 سے نہیں بڑھا ہے ،2009 میں واسا کو بجلی کا فی یونٹ چھ روپے پڑتا تھا، اب 60 روپے تک ہے ،2009 میں واسا کو ٹیوب یلز کی مد میں 60 سے 70 لاکھ روپے کا بل آتا تھا ، ٹیوب ویلز اور فلٹریشن پلانٹس کی مد میں واسا اب 14 کروڑ بل ادا کرتاہے ۔ ذرائع کے مطابق 3,5,7 مرلے کے گھروں کو مختلف کیٹگریز کے بل موصول ہونے لگے ،تین مرلے کے گھروں کو پانی کے بلوں میں 368 روپے سبسڈی دی جارہی ہے ،پانچ مرلے کے گھروں کو پانی کے بلوں میں 438 روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے ۔
گھریلو صارفین کے پانی اور سیوریج بلوں میں 175 فیصد اضافہ کر دیا گیا جبکہ کمرشل صارفین کے پانی اور سیوریج بلوں میں 500 فیصد تک اضافہ کیا گیاہے ۔راولپنڈی میں گھریلو صارفین کو پانی کے بھر بھر کم بل موصول ہونے لگے ہیں۔ واضح رہے کہ پٹرول کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے جبکہ ڈیزل بھی مہنگا کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ سے پیوستہ روز حکومت نے پٹرول کی قیمت 17 روپے 50 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 20 روپے بڑھا دی تھی۔
یوں پٹرول کی قیمت 290 روپے 45 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 293 روپے 40 پیسے ہو گئی، جبکہ لائٹ اسپیڈ ڈیزل اور مٹی کے تیل کی پرانی قیمتوں کو برقرار رکھا گیا ہے، وزارت خزانہ کی جانب سے اعلان کردہ نئی قیمتیں 31 اگست تک برقرار رہیں گی۔ اس سے قبل ہی عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے پاکستان میں 15 اگست سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے خام تیل کی قیمت 86 ڈالر سے 91 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی جبکہ خام تیل پر2 ڈالر فی بیرل پریمیئم چارجز الگ ہیں۔ دوسری جانب تیار پٹرول اور ڈیزل کی فی بیرل قیمت 97 ڈالر سے 102 ڈالرتک پہنچ گئی ہے، کہا گیا کہ اگرقیمت یہی رہی تو پاکستان میں پٹرول کی قیمت میں 15روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ یکم اگست کو بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کیا گیا تھا۔ یکم اگست کو ہائی سپیڈ ڈیزل 19 روپے 90 پیسے مہنگا کیا گیا جس کے بعد نئی قیمت 273 روپے 40 پیسے ہوگئی تھی۔ پٹرول کی قیمت میں 19 روپے 95 پیسے اضافہ کیا گیا جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 272 روپے 95 پیسے ہوگئی تھی۔