چینی کی قیمت کو بھی پر لگ گئے، ایک ہفتے میں 25 روپے فی کلو مہنگی

اسلام آباد: (کامرس ڈیسک) چینی کی قیمت کو بھی پر لگ گئے، ایک ہفتے کے دوران 25 روپے سے زائد فی کلو مہنگی ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملوں کی جانب سے گزشتہ ایک ماہ میں چینی کی قیمت میں 25 روپے کلو تک اضافہ کیا جا چکا، جس کی وجہ سے ہول سیل میں چینی 150 روپے کلو کی سطح پر پہنچ گئی جبکہ ریٹیل پر 160 روپے کلو سے بھی تجاوز کر جانے کا خدشہ ہے۔

ہول سیلرز نے بتایا ہے کہ ملوں کی جانب سے چینی کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، چینی کے دام مصنوعی طور پر بڑھائے جا رہے ہیں، وافر مقدار میں چینی کا ذخیرہ ہونے کے باوجود قیمتوں میں متواتر اضافہ اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت منافع خوروں کے آگے بے بس ہے۔

دوسری جانب آئے روز بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے تنگ غریب عوام کیلئے کھانے پینے کی اشیاء مہنگی ہونے سے جینا محال ہو گیا ہے۔