کینیڈا : جنگلات میں لگی آگ نے 13 صوبوں کواپنی لپیٹ میں لے لیا ، ایمرجنسی نافذ

اوٹاوا: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) کینیڈا کے جنوبی شمال میں بڑے پیمانے پر جنگلات میں آگ لگنے کے پیش نظر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنگلات میں لگی آگ ایک لاکھ تیس ہزار سکوائر فٹ تک پھیل چکی ہے جس نے 13صوبوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔

حکام نے خطرے کے پیش نظر رہائشیوں کے انخلا کے احکامات جاری کردیے ہیں جبکہ آگ کو بجھانے کے لیے فوج کی مدد بھی طلب کرلی گئی ہے۔

دوسری جانب آگ سے اٹھنے والے دھوئیں سے کینیڈا کی فضا آلودہ ترین ہوگئی ہے اور اس کی وجہ سے پڑوسی ملک امریکا میں بھی فضائی آلودگی بے قابو ہوچکی ہے، جہاں اب تک 10کروڑ سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں، پروازیں بھی منسوخ ہو رہی ہیں اور آؤٹ ڈور تقریبات سے گریز کیا جا رہا ہے ۔

کینیڈا کا شمار پہلے ہی دنیا میں تیزی سے گرم ہونے والے خطوں میں ہوتا ہے جبکہ موسمیاتی تبدیلی سے ملک کو درپیش شدید موسمیاتی واقعات کی تعداد اور شدت میں اضافہ ہوا ہے۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے گرم، خشک موسم کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جس سے جنگل کی آگ بھڑکنے کا امکان ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ جنوبی شمالی حصے میں جولائی میں سب سے زیادہ گرم درجہ حرارت تھا، جو37 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا تھا ، برٹش کولمبیا میں بھی جنگل کی آگ بھڑک رہی ہے، جہاں رواں ہفتے ریکارڈ بلند درجہ حرارت کی وجہ سے گرمی کے کئی الرٹ جاری کیے گئے ۔