امن عمل کی بحالی : مصر کے صدر اور اردن کے بادشاہ کی فلسطینی صدر سے ملاقات

قاہرہ : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) اُردن کے شاہ عبداللہ دوم نے مصر، اردن اور فلسطین کے مابین سہ فریقی سربراہی اجلاس سے قبل مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی جس میں فلسطین کے حوالے سے تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سعودی میڈیا کے مطابق مصری ایوان صدر کے ترجمان احمد فہمی کابتانا ہے کہ مصری صدر اور اردن کے بادشاہ نے متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا اور اپنے ممالک کے درمیان تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے دو طرفہ اور عراق کے ساتھ سہ فریقی تعاون کے فریم ورک کے تحت بالخصوص اقتصادی و تجارتی سطح پر تعلقات کو اس انداز میں فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا جس سے دونوں ممالک اور ان کے عوام کو فائدہ پہنچے۔

دونوں رہنماؤں نے مسئلہ فلسطین سے متعلق پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور فلسطینیوں کے منصفانہ اور جامع حل کے حصول میں مدد کے لیے فلسطینی بھائیوں کو مکمل تعاون فراہم کرنے اور امن عمل کی بحالی کے لیے کام کرنےکی کوششوں کو مستحکم کرنے پر اتفاق کیا۔

شاہ عبداللہ دوم نے سہ فریقی سربراہی اجلاس کی میزبانی کرنے پر مصری صدر کا شکریہ ادا کیا اور دونوں رہنماؤں نے فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات ہوئی۔

مصری ایوان صدر کے ترجمان نے بتایا کہ سہ فریقی اجلاس کے دوران رہنماؤں نے فلسطینی کاز میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور اسرائیل فلسطین تنازع کے دو ریاستی حل کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔