سری نگر: (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی یوم آزادی پر کشمیریوں نے مودی سرکار کو کرارا جواب دیتے ہوئے مقبوضہ وادی میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کر دی، سرینگر، ہنڈوارہ اور پونچھ سمیت کئی اضلاع میں نوجوانوں نے گھروں پر سیاہ پرچم لہرا دیے۔
بھارتی یوم آزادی کے موقع پر کشمیریوں نے مودی سرکار سے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور نہرو کے وعدوں کے مطابق شفاف ریفرنڈم کا مطالبہ کر دیا، شدید ردعمل دیکھ کر مودی سرکار کے اوسان خطا ہو گئے جس کے بعد مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ بند کر کے کرفیو نافذ کر دیا گیا۔
قابض بھارتی فورسز 1947ء سے اب تک اڑھائی لاکھ سے زائد کشمیریوں کو شہید کر چکی ہیں، اس خونی کھیل میں 1 لاکھ سے زائد بچے یتیم جبکہ 23 ہزار خواتین بیوہ ہو چکی ہیں۔
بھارت کی قابض فوج اس عرصہ کے دوران 11 ہزار سے زائد کشمیری خواتین کے ساتھ اجتماعی زیادتی جبکہ 7 ہزار ماورائے عدالت قتل کر چکی ہے، 2012ء میں بانڈی پورہ، بارہ مولہ اور کوٹورہ میں 2700 اجتماعی قبروں سے ہزاروں ناقابل شناخت لاشیں دریافت ہوئیں۔
بدترین ریاستی جبر اور اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود ہندوستان کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے، بھارت کا کشمیر پر ظلم و بربریت کر کے آزادی منانا پوری بھارتی عوام کیلئے ایک سوالیہ نشان ہے۔