چینی کمپنیاں پاکستان سے گوشت، مرچ اور دیگر مصنوعات درآمد کرنا چاہتی ہیں، غلام قادر

بیجنگ (نیوز ڈیسک) پاکستان سفارتخانہ بیجنگ کے کمرشل قونصلر غلام قادر نے کہا ہے کہ بہت سے چینی ادارے پاکستان سے گوشت، مرچ اور دیگر مصنوعات درآمد کرنا چاہتے ہیں اورپاکستان میں صنعتی یونٹس قائم کرنے کے لیے تیار ہیں۔ غلام قادر کی قیادت میں کراچی میں منعقد ہونے والی پہلی بین الاقوامی خوراک اور زراعت کی نمائش میں بیجنگ اور پڑوسی صوبوں سے تقریباً 110 چینی نمائندوں کے وفد نے نمائش میں شرکت کی ہے۔
پاکستان کے گوانگ ژو، چینگدو اور شنگھائی کے قونصل خانے نے بھی چینی کاروباری اداروں کو نمائش میں شرکت کی دعوت دی ۔غلام قادر نے کہا کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے زیر انتظام منعقدہ نمائش میں گوشت، مرچ اور دیگر مصنوعات کے پروٹوکول پربھی دستخط کئے گئے جبکہ چین کی سمندری غذا اور اناج کی ایسوسی ایشنز نمائش میں شرکت کر رہی ہیں۔
اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ رواں سال نمائش کا موضوع ایک پائیدار مستقبل کی ترقی ہے‘ہم امید کرتے ہیں کہ یہ ایکسپو بین الاقوامی اور مقامی کمیونٹیز کو ایک پلیٹ فارم پر لانے اور مشترکہ مستقبل کی تعمیر کیلئے اہم ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ چینی وفود نے بزنس ٹو بزنس ملاقاتیں کی ہیں اور وہ نئے مواقع تلاش کرنے اور ہموار اسٹریٹجک اتحاد پر بہت مطمئن ہیں۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ ایکسپو پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے لیے اپنی مصنوعات اور خدمات کو ممکنہ صارفین کو دکھانے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔