سونے کی فی تولہ قیمت برقرار رہنے کے بعد پھر 800 روپے بڑھ گئی

سونے کی فی تولہ قیمت بڑھ کر 2 لاکھ 23 ہزار روپے ہوگئی ہے، 10 گرام سونے کی قیمت بھی 2230 روپے بڑھ گئی ہے

کراچی (کامرس ڈیسک) آئی ایم ایف معاہدے کے بعد ڈالر کی قدر گرنے اور معاشی و کاروباری سرگرمیاں بحال ہونے کے ساتھ ہی جہاں سونے کی قیمتوں میں بھی بڑی کمی واقع ہوئی تھی، وہاں اب سونے کی قیمت میں پھر اضافہ ہوگیا ہے، فی تولہ سونے کی قیمت 800 روپے بڑھ گئی ہے۔ کراچی صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 800 روپے کا اضافہ ہونے سے فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 23 ہزار روپے ہوگئی ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت بھی 686 روپے بڑھ گئی ہے۔ جس کے باعث دس گرام سونے کی قیمت ایک لاکھ 91 ہزار 187 روپے ہوگئی ہے۔ یاد رہے گزشتہ روز عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں ایک ڈالرز اضافہ ہوا جس کے باعث عالمی مارکیٹ میں بھاؤ 1951 ڈالرز فی اونس ہوگیا ہے۔
اسی طرح گزشتہ روز منگل کو بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 9 ڈالر گھٹ کر 1950 ڈالر کی سطح پر آگئی۔

عالمی مارکیٹ میں سونا سستا ہونے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 2 لاکھ 22 ہزار 200 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 1 لاکھ 90 ہزار 501 روپے کی سطح پر مستحکم رہی۔ اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 2800 روپے اور فی دس گرام چاندی کی قیمت بھی بغیر کسی تبدیلی کے 2400.54 روپے پر مستحکم رہی۔
دوسری جانب اے آروائی نیوز کے مطابق ادارہ شماریات کی رپورٹ میں کہا گیا کہ برآمدات میں ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جون کی نسبت جولائی میں برآمدات 12.58 فیصد گر گئیں، جولائی 2022 کے مقابلے میں جولائی 2023 میں برآمدات میں 8.57 فیصد کمی ہوئی، جولائی میں برآمدات 2 ارب 5 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز رہیں۔ جون میں برآمدات 2 ارب 35 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز تھیں۔ جولائی 2022 میں برآمدات کا حجم 2 ارب 25 کروڑ ڈالرتھا، جولائی میں سالانہ بنیادوں پر برآمدات میں 26.44 فیصد کمی ہوئی، جولائی میں درآمدات کا حجم 3 ارب 66 کروڑ 40 لاکھ ڈالر تھا، جولائی میں سالانہ بنیادوں پر تجارتی خسارہ 41.16 فیصد کم ہوا، جولائی میں تجارتی خسارہ ایک ارب 60 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہا۔