12سالوں سے زیرالتواء معاملہ حل ہوگیا، پاکستان کے 90 چیری باغات اور 15پیک ہاؤسز چیری برآمد کرسکیں گے۔ اعلامیہ وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان کو چین میں چیری پھل کو برآمد کرنے کی اجازت مل گئی، چینی محکمہ کسٹم کی جانب سے چیری برآمد کرنے کا فیصلہ چیری کی کاشت اور سہولیات دیکھ کر کیاگیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان کو چین میں چیری پھل برآمد کرنے کی اجازت مل گئی، وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی نے 12سالوں سے زیرالتواء معاملہ حل کردیا ہے، پاکستانی برآمد کنندگان پاکستان سے چین کو چیری برآمد کرسکیں گے۔
چینی محکمہ کسٹم نے چیری کی کاشت اور سہولیات دیکھ کر فیصلہ کیا، پاکستان کے 90چیری باغات اور 15 پیک ہاؤسز چیری برآمد کرسکیں گے، طے شدہ پروٹوکول کے مطابق پاکستان سے چین کو چیری کی برآمد کی اجازت ہوگی۔اسی طرح کوئٹہ میں متعین ایران کیڈپٹی قونصل جنرل علی رضا استواری کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ایران کے مابین ہونے والے دوطرفہ تجارت کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کسی ملک اور صوبے کی معاشی خوشحالی کا ضامن ہوا کرتے ہیں ان کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہیں،تہران میں ہونے والے پیٹرو کیمیکل ایکسپو سنگ میل ثابت ہوگی بلوچستان کے صنعتکار اور تاجر اس میں شرکت کیلئے تشریف لائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کوایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی،سنیئر نائب صدر حاجی آغا گل خلجی ، نائب صدر سید عبدالاحد آغا و دیگر سے ملاقات کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات کے موقع پر انہوں نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کو تہران میں ہونے والے پیٹرو کیمیکل ایکسپو میں شرکت کیلئے دعوت نامہ بھی پیش کیا۔
اس موقع پر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کے صدر حاجی عبداللہ اچکزئی ،نائب صدر سید عبدالاحد آغا و دیگر نے ایران کے ڈپٹی قونصل جنرل علی رضا استواری کو دوطرفہ تجارت میں درپیش مشکلات کی نشاندھی کرائی اور اس سلسلے میں انہیں مختلف تجاویز پیش کیں انہوں نے پاکستانی بزنس کمیونٹی کو ایرانی ویزوں کے حصول میں درپیش مشکلات بارے بھی ان کی توجہ مبذول کرائی اور کہا کہ بلوچستان سے ایران کے مختلف شہروں تک فلائٹس کا اجراء وقت کی اہم ضرورت ہے اس سلسلے میں دوطرفہ اقدامات اٹھانے جانے چاہیے۔