نیتن یاہواورمحمود عباس اگلے ہفتے انقرہ کا دورہ کررہے ہیں، ترکیہ

محمود عباس 25 جولائی اور نیتن یاہو 28 جولائی کو ترکیہ پہنچیں گے ،ترک ایوان صدر

انقرہ(انٹرنیشنل ڈیسک) ترک ایوان صدر نے اعلان کیا ہے کہ فلسطینی صدر محمود عباس اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اگلے ہفتے مختلف دنوں میں ترکی کا دورہ کریں گے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر رجب طیب ایردوان ترکیہ میں فلسطینی صدر محمود عباس اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کا الگ الگ استقبال کریں گے۔
رہنما صدر ایردوان کی دعوت پر ترکیہ آ رہے ہیں۔ ان رہنماں سے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ محمود عباس 25 جولائی اور نیتن یاہو 28 جولائی کو ترکیہ پہنچیں گے۔خیال رہے رواں ماہ کے آغاز میں مغربی کنارے میں واقع جنین کیمپ پر اسرائیلی حملہ دو دن تک جاری رہا۔ اس صہیونی حملے نے کیمپ کی سڑکیں اور گلیاں تباہ کر دیںاور ہزاروں افراد کو اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور کر دیا۔ اس اسرائیلی جارحیت میں 12 فلسطینی شہید اور ایک اسرائیلی فوجی مارا گیا تھا۔