اوپن مارکیٹ میں گندم مزید مہنگی، فی من 4750 روپے میں فروخت

لاہور: (کامرس ڈیسک) محکمہ خوراک ذخیرہ اندوزوں کو نکیل ڈالنے میں بری طرح ناکام، اوپن مارکیٹ میں گندم 50 روپے اضافے کے بعد 4 ہزار 750 روپے فی من ہوگئی۔

گندم کی قیمت میں اضافے کے بعد اوپن مارکیٹ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 2900 روپے سے بھی تجاوز کر گیا۔

دکاندار 20 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 920 روپے میں فروخت کر رہے ہیں، 10 کلو آٹے کا تھیلا 1 ہزار 450 روپے جبکہ 15 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار 450 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے۔

شہری مہنگی گندم اور آٹے کی روز بروز بڑھتی قیمت سے پریشان اور حکومت سے نالاں ہیں۔

ادھر محکمہ فوڈ کا کہنا ہے کہ ہماری گندم مارکیٹ میں نہیں ہے، ہمارا ذخیرہ ہمارے گوداموں میں ہے، پرائیویٹ مافیا کی کمر سرکار اپنی گندم ریلیز کر کے توڑ سکتی ہے۔