بھارت: مسافر بس میں آتشزدگی سے 26 افراد ہلاک، متعدد زخمی

مہاراشٹرا: (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں مسافر بس میں آتشزدگی سے 26 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ایجنسی نے مقامی پولیس کے حوالے سے لکھا کہ ہفتے کے روز مغربی ہندوستان میں ایکسپریس وے پر ممبئی سے پونے شہر جانے والی بس ایک کھمبے سے ٹکرا کر الٹ گئی، جس کے باعث اس کے ڈیزل ٹینک میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق مرنے والوں میں 3 بچے بھی شامل ہیں۔

حکام کے مطابق بس میں تقریباً 30 سے زائد لوگ سوار تھے، پچیس افراد کی موت ہو گئی ہے اور آٹھ زخمی ہیں، بس ڈرائیور سمیت زخمیوں کو ممبئی سے تقریباً 400 کلومیٹر مشرق میں ریاست مہاراشٹر میں حادثے کی جگہ کے قریب واقع ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

مقامی میڈیا نے پولیس سپرنٹنڈنٹ کے حوالے سے بتایا کہ اس وقت ترجیح یہ ہے کہ لاشوں کی شناخت کی جائے اور انہیں ان کے لواحقین کے حوالے کیا جائے، پولیس نے کہا کہ انہوں نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت کی سڑکوں کے وسیع نیٹ ورک پر حادثات معمول ہیں، جن کی دیکھ بھال ناقص اور خطرناک حد تک ہے، اس کی بنیادی وجوہات بہت زیادہ رفتار، ہیلمٹ نہ پہننا اور سیٹ بیلٹ کا استعمال نہ کرنا ہے۔

دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ایک بیان میں کہا کہ بلڈھانہ میں ہولناک بس حادثے پر گہرا دکھ ہوا، میرے دعائیں ان لوگوں کے خاندانوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنی جانیں گنوائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مقامی انتظامیہ متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہی ہے۔