امرتسر میں دھماکوں کی آوازیں، میزائلوں کے ٹکڑے برآمد،کئی علاقوں میں بلیک آﺅٹ

فی الحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ میزائل کا یہ ٹکڑا بھارتی میزائل کا ہے یا پاکستانی. پولیس حکام

نئی دہلی( انٹرنیشنل ڈیسک )پاکستان کے منہ توڑ جواب پر بھارت میں خوف وہراس پھیل گیا،بھارت کی مشرقی ریاست پنجا ب کے ضلع امرتسر کے نواحی گاوں جیتھووال میں جمعرات کے روز ایک میزائل کا مشتبہ حصہ ملنے پر شدید خوف و ہراس پھیل گیا.
مقامی افراد نے میزائل کے اس حصے کو کھیتوں میں پڑا ہوا دیکھا اور فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ میزائل کا یہ ٹکڑا بھارتی میزائل کا ہے یا پاکستانی امرتسر دیہی کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس منیندر سنگھ کے مطابق علاقے میں کسی دھماکے یا زمین پر میزائل ٹکرانے کے شواہد نہیں ملے، تاہم میزائل جیسا ایک دھاتی ٹکڑا ضرور ملا ہے جسے فرانزک ٹیم نے اپنی تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں.

دوسری جانب سوشل میڈیا پر امرتسر کے قریبی ہوائی اڈے کے اطراف رات کے وقت دھماکوں کی ویڈیوز اور راکٹوں کے آسمان میں سفر کرنے کی فوٹیج گردش کر رہی ہے رپورٹ کے مطابق بھارتی میڈیا نے امرتسر کے رہائشیوں کے بیانات شائع کیے ہیں جنہوں نے یکے بعد دیگرے کئی زور دار دھماکوں کی آوازیں سننے کا دعوی کیا ہے. رپورٹ کے مطابق امرتسر کی ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بعض علاقوں میں بلیک آﺅٹ بھی کردیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امرتسر کے علاقے شری ہر مندرصاحب میں مکمل بلیک آﺅ ٹ ہے رپورٹ کے مطابق امرتسر انتظامیہ کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ شہری گھروں میں رہیں اور باہر کی لائٹیں بند رکھیں جبکہ بھارتی پنجاب میں متعدد مقامات پر سائرن بجا کر عوام کو محتاط رہنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں.
رپورٹ میں بتایاگیا کہ پاکستان کے جواب پر بھارت میں خوف و ہراس پھیل گیا، امرتسر، لدھیانہ ، گورداسپور، پٹیالہ، پٹھان کوٹ، برنالہ اور موہالی میں اندھیرے کا راج ہے علاوہ ازیں بتایا گیا ہے کہ بھارتی پنجاب میں متعدد مقامات پر موک ڈرلز ، بلیک آﺅ ٹ ریہرسلز بھی جاری ہیں.