ملک میں بجٹ اور عیدالاضحٰی سے پہلے مہنگائی میں مزید اضافے کا خدشہ

مئی میں مہنگائی ممکنہ طور پر بڑھ کر 3 سے 4 فیصد کے درمیان تک پہنچ سکتی ہے؛ وزارت خزانہ

اسلام آباد ( کامرس ڈیسک ) ملک میں بجٹ اور عیدالاضحٰی سے پہلے مہنگائی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت خزانہ نے ماہانہ معاشی اپ ڈیٹ اینڈ آؤٹ لک میں مہنگائی سے متعلق نئی پیشگوئی کردی جس کے تحت مئی میں مہنگائی ممکنہ طور پر بڑھ کر 3 سے 4 فیصد کےدرمیان تک پہنچ سکتی ہے جب کہ رواں ماہ اپریل میں مہنگائی 1.5 فیصد سے 2 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے، ملک میں مارچ 2025ء کے دوران مہنگائی کی شرح 0.69 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، جولائی 2024ء سے مارچ 2025 کے دوران مہنگائی کی اوسط شرح 5.25 فیصد تھی۔
بتایا گیا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) نے رواں سال پاکستان کی معاشی ترقی کی رفتار 3.6 سے کم کرکے 2.6 فیصد ہونے کی پیشگوئی کی ہے، اس سے پہلے آئی ایم ایف نے شرح نمو 3 فیصد رہنے کی پیش گوئی کی تھی جب کہ حکومت پاکستان نے رواں مالی سال جی ڈی پی گروتھ کا ہدف 3.6 فیصد مقرر کر رکھا ہے، آئی ایم ایف نے امریکی صدر ٹرمپ کے تجارتی ٹیرف کے اقدامات کی وجہ سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کی وجہ سے عالمی اقتصادی نمو کو تبدیل کیا۔
بتایا جارہا ہے کہ آئی ایم ایف نے نئی پیش گوئی اپنی ورلڈ اکنامک آؤٹ لک رپورٹ اپریل 2025ء میں کی ہے، جس میں پاکستان کے لیے 2.6 فیصد شرح نمو کا تخمینہ حکومت کی جانب سے لگائے گئے تخمینے 3.6 فیصد سے کافی کم ہے، اگلے مالی سال کیلئے آئی ایم ایف نے پاکستان کی شرح نمو کا تخمینہ 3.6 فیصد لگایا، رواں مالی سال آئی ایم ایف نے پاکستان میں افراط زر میں بہتری کا اندازہ لگایا اور اسے 10فیصد سے کم کرکے 5.1 فیصد کردیا، تاہم اگلے سال افراط زر کے 7.7 فیصد تک رہنے کی توقع ہے۔