1000 سی سی تک کی گاڑی کی ٹرانسفر فیس 1200 روپے سے بڑھا کر 2750 روپے ، 1000 سے 1800 سی سی تک کی گاڑیوں کی فیس 2000 روپے سے بڑھا کر 5500 روپے کر دی گئی ، اضافے کا اطلاق آج 14 اپریل سے نافذ ہوگیا
اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) اسلام آباد میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی ٹرانسفر فیس میں بڑا اضافہ کر دیا گیا ، اضافے کا اطلاق آج 14 اپریل سے نافذ ہوگیا، پہلی مرتبہ الیکٹرک گاڑیوں پر بھی ٹرانسفر فیس عائد کر دی گئی ،1000 سی سی تک کی گاڑی کی ٹرانسفر فیس 1200 روپے سے بڑھا کر 2750 روپے کر دی گئی ہے۔ 1000 سے 1800 سی سی تک کی گاڑیوں کی فیس 2000 روپے سے بڑھا کر 5500 روپے کر دی گئی ہے۔
اسی طرح 1800 سی سی سے زائد گاڑیوں کی منتقلی فیس 3000 سے بڑھا کر 11 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔چیف کمشنر اسلام آباد کے احکامات پر 1000 سی سی سے کم گاڑیوں کی ٹرانسفر فیس میں بھی 130 فیصد اضافہ جبکہ 1000 سی سی سے 1800 سی سی تک پرائیویٹ /کمرشل گاڑیوں کی ٹرانسفر میں 175 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق پہلی مرتبہ الیکٹرک گاڑیوں پر بھی ٹرانسفر فیس عائد کر دی گئی ہے۔
50 کلو واٹ تک کی الیکٹرک گاڑی کی منتقلی پر 2500 روپے اور 50 سے 100 کلو واٹ پر 5500 جبکہ 100 کلو واٹ سے زائد الیکٹرک گاڑی پر 10 ہزار روپے کی فیس لاگو کی گئی ہے۔اسی طرح 200 سی سی تک کی موٹر بائیک کی فیس 150 روپے سے بڑھا کر 550 روپے جبکہ 200 سے 400 سی سی کی فیس 1000 اور400 سی سی سے زائد موٹر بائیک کی منتقلی فیس 1500 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔اسی طرح چیف کمشنر اسلام آباد کے احکامات پر 200 سی سی سے کم موٹر سائیکلز کی ٹرانسفر فیس میں 267 فیصد،200 سے 400 سی سی 567 فیصد اور 400 سی سی سے زائد کی ٹرانسفر فیس میں 1350 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
تمام فیسیں وزارت خزانہ کے مقرر کردہ اکاونٹ میں جمع کروائی جائیں گی۔ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گاڑی کی ملکیت کی منتقلی سے پہلے نئی فیسوں کا خیال رکھیں تاکہ کسی بھی قسم کی قانونی یا مالی پریشانی سے بچا جا سکے۔