زرمبادلہ ذخائر مزید کروڑوں ڈالرز کم ہو گئے

زرمبادلہ کے مجموعی ملکی ذخائر کی مالیت 15ارب 94 کروڑ ڈالرز ہو گئی

اسلام آباد ( کامرس ڈیسک ) زرمبادلہ ذخائر مزید کروڑوں ڈالرز کم ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت گزشتہ ہفتے کے اختتام پر 3کروڑ 40لاکھ ڈالر کی کمی سے 15ارب 94کروڑ 79 لاکھ ڈالر کی سطح پر آ گئے۔ اسٹیٹ بینک کی جاری رپورٹ کے مطابق 14فروری کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر میں 3کروڑ 40لاکھ ڈالر کی کمی واقع ہوئی جس کے بعد زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر 11ارب 20کروڑ 15 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے۔
مرکزی بینک کے مطابق گذشتہ ہفتے کے اختتام پر کمرشل بینکوں کے پاس 4ارب 74کروڑ 64لاکھ ڈالر کے ذخائر موجود تھے، یوں زرمبادلہ کے مجموعی ملکی ذخائر کی مالیت 15ارب 94 کروڑ 79لاکھ ڈالر تھی۔ دوسری جانب کرنسی مارکیٹ میں کئی روز بعد ڈالر سستا ہو گیا۔
جمعرات کے روز انٹربینک مارکیٹ میں کاروبارکے بیشتر دورانیے کے دوران ڈالر تنزلی سے دوچار رہا جس سے ایک موقع پر 21 پیسے کی کمی سے 279 روپے 26 پیسے کی سطح پر بھی آگئی۔

بعدازاں سپلائی بہتر ہوتے ہی غیرملکی کمپنیوں اوردرآمدی نوعیت کی طلب بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 03 پیسے کے اضافے سے 279روپے 50 پیسے کی سطح پر بھی آگئی۔ کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر ایک پیسے کی کمی سے 279 روپے 46 پیسے کی سطح پر بند ہوئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 04 پیسے کی کمی سے 281 روپے 08 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ واضح رہے کہ پاکستان کو جلد آئی ایم ایف سے ڈیڑھ ارب ڈالرز موصول ہونے کی امید ہے۔ 24 فروری کو پاکستان آنے والے آئی ایم ایف وفد کی جانب سے اس حوالے سے حتمی منظوری دی جائے گی۔ آئی ایم ایف سے ڈیڑھ ارب ڈالرز موصول ہونے سے ملکی زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ متوقع ہے۔