امریکا سے سیاسی اسٹیبلیشمنٹ کا قبضہ ختم کروائیں گے

سب سے پہلے امریکا! آج سے امریکا کا زوال ختم اور سنہری دور شروع ہو گیا، امریکا کو پہلے سے زیادہ عظیم، مضبوط اور کامیاب بنائیں گے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اعلان

واشنگٹن ( انٹرنیشنل ڈیسک ) ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکا سے سیاسی اسٹیبلیشمنٹ کا قبضہ ختم کروائیں گے، سب سے پہلے امریکا! آج سے امریکا کا زوال ختم اور سنہری دور شروع ہو گیا، امریکا کو پہلے سے زیادہ عظیم، مضبوط اور کامیاب بنائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق حال ہی میں امریکی انتخابات میں فتح حاصل کرنے والے ڈونلڈ ٹرمپ باقاعدہ طور پر امریکا کے صدر کے عہدے پر براجمان ہو گئے ہیں۔
انتہائی سرد موسم کی وجہ سے پیر کے روز امریکا کے 47 ویں صدر کی حلف برداری کی تقریب دارالحکومت واشنگٹن میں یو ایس کیپیٹل کی عمارت کے اندر منعقد ہوئی۔ حلف برداری کی تقریب میں نائب صدر مائیک پینس نے سب سے پہلے حلف اٹھا لیا۔ اس کے بعد صدر ٹرمپ سے امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے امریکا کے 47 ویں صدر کا حلف لیا۔
تقریب میں سبکدوش ہونے والے صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس سمیت امریکہ کے سابق صدور باراک اوبامہ، جارج بش اور بل کلنٹن بھی موجود تھے۔

ٹرمپ کے ساتھ سٹیج پر دنیا کے امیر ترین شخص اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے مالک ایلون مسک بھی موجود تھے، تقریب میں دنیا کی بڑی ٹیک کمپنیوں کے سربراہان بھی شریک ہوئے، جبکہ صدر ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں پاکستان سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی شریک ہوئے۔ حلف برداری کی تقریب سے اپنے خطاب میں ٹرمپ نے اپنی خارجہ پالیسی کے کلیدی نکات پر روشنی ڈالی اور کئی اہم اعلانات کیے۔
امریکی صدر نے حکومتی سنسرشپ کو ختم کرنے کا حکم دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 8 سال مجھے جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، امریکی تاریخ میں کسی صدر کے ساتھ ایسا نہیں ہوا، امریکا سے سیاسی اسٹیبلیشمنٹ کا قبضہ ختم کروائیں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے حقیقت پسندانہ انداز سے نمٹنا ہو گا اور اعتماد کے بحران جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا، آج سے امریکا کا زوال ختم ہو گیا ہے۔
چند ماہ قبل مجھ پر قاتلانہ حملہ ہوا لیکن خدا نے مجھے امریکا کو دوبارہ سے عظیم بنانے کیلئے محفوظ رکھا۔ ہم امریکا کو سب سے پہلے رکھیں گے، آج سے امریکا کا زوال ختم اور سنہری دور شروع ہو گیا، امریکا کو پہلے سے زیادہ عظیم، مضبوط اور کامیاب بنائیں گے، میری اولین ترجیح ایک ایسا ملک قائم کرنا ہے جو آزاد اور مضبوط ہو ۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ آج میں ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کروں گا، جنوبی سرحد پر ایمرجنسی نافذ کر کے لاکھوں غیر قانونی مہاجرین کو ملک بدر کر دیں گے۔
منظم جرائم پیشہ گروہوں کو غیرملکی دہشت گرد قرار دیں گے اور ان کے خلاف امریکی فوج کو استعمال کریں گے۔ “میکسیکو میں رہو” پالیسی کو بحال کروں گا اور جنوبی سرحد پر فوج تعینات کروں گا۔ خلیج میکسیکو کا نام تبدیل کر کے خلیج امریکہ رکھیں گے اور پانامہ سے پانامہ کینال واپس لیں گے۔ امریکی صدر نے “ڈرل بے بی ڈرل” کے نام سے توانائی ایمرجنسی لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تیل اور گیس کی قیمتوں میں کمی لائیں گے، اپنی کابینہ کو ہدایت دوں گا کہ ہر صورت مہنگائی میں کمی لائیں، امریکی شہریوں کے بجائے دوسرے ممالک پر ٹیرف لگائیں گے، امریکہ کے تجارتی نظام کو فوری طور پر ٹھیک کیا جائے گا، کسی ملک کو اپنا فائدہ نہیں اٹھانے دیں گے، امریکیوں کے مفاد کے لیے دیگر ممالک پر ٹیکس لگائیں گے، امریکا ایک مرتبہ پھر دنیا کا بڑا مینوفیکچرنگ ملک بنے گا۔