بنگلہ دیش کے ساحلی شہر کاکس بازار میں روہنگیا کیمپ میں آتشزدگی سے بچہ جاں بحق ، 100سے زیادہ مکانات و دیگر ڈھانچے تباہ

ڈھاکہ ( انٹرنیشنل ڈیسک ) بنگلہ دیش کے ساحلی شہر کاکس بازار کے علاقہ ٹیکناف میں واقع موچنی روہنگیا پناہ گزین کیمپ میں آتشزدگی سے ایک بچہ جاں بحق اور 100سے زیادہ مکانات اور دیگر ڈھانچے تباہ ہو گئے جبکہ کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔

بنگلادیشی میڈیاکے مطابق بنگلہ دیش کی 16ویں آرمڈ پولیس بٹالین کے ایڈیشنل ڈپٹی انسپکٹر جنرل محمد کوثر سکدر نے آتشزدگی سے ایک بچے کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آگ ہنیلا یونین میں کیمپ کے بلاک پی ۔

3کے اندر ایک رہائش میں شروع ہوئی اوراس نے تیزی سے آس پاس کے گھروں اور ڈھانچے کو لپیٹ میں لے لیا ۔ اطلاع ملنے پر ٹیکناف فائر سروس اسٹیشن سے دو یونٹ جائے وقوعہ پر پہنچے اور تقریباً ایک گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا۔فائر سروس سٹیشن کے عملہ کے مطابق آگ سے کم از کم 100گھر اور مختلف ڈھانچے جل کر راکھ ہو گئے اور ملبے سے ایک بچے کی لاش برآمد ہوئی۔ آتشزدگی سیکئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔