غیرقانونی طور پر اسپین جانے والی کشتی کو حادثہ،44 پاکستانیوں سمیت 50 تارکین وطن جاں بحق

2 جنوری کو موریطانہ سے روانہ ہونے والی اس کشتی میں 86 افراد سوار تھے، پاکستانی چار ماہ قبل یورپ جانے کیلئے اپنے گھروں سے روانہ ہوئے تھے، کشتی حادثے میں جاں بحق ہونیوالے 7 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی

میڈرڈ ( انٹرنیشنل ڈیسک )غیرقانونی طور پر اسپین جانے والوں کی کشتی کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 44 پاکستانیوں سمیت 50 تارکین وطن جاں بحق ہوگئے، درجنوں تارکین وطن کشتی کے ذریعے اسپین جانے کی کوشش میں گہرے سمندر میں حادثے کا شکار ہوگئے،میڈرڈ کشتی حادثے میں جاں بحق ہونیوالے 7 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تارکین وطن کے حقوق کے گروپ واکنگ بارڈرز نے بتایا کہ یہ کشتی مغربی افریقا سے اسپین کیلئے روانہ ہوئی تھی۔
2 جنوری کو موریطانہ سے روانہ ہونے والی اس کشتی میں 86 افراد سوار تھے جن میں سے 66 پاکستانی تھے۔ صرف 36 تارکین وطن کو بچایا جا سکا۔کشتی حادثے میں جاں بحق 44 پاکستانیوں میں سے 12 نوجوان گجرات کے رہائشی تھے۔
اس کے علاوہ سیالکوٹ اور منڈی بہاوالدین کے افراد بھی کشتی میں موجود تھے۔یہ پاکستانی چار ماہ قبل یورپ جانے کیلئے اپنے گھروں سے روانہ ہوئے تھے۔

اہلخانہ کے مطابق 12 نوجوان 4 ماہ قبل یورپ کیلئے روانہ ہوئے تھے۔ پیسے نہ ملنے پر کشتی کو سمندر میں کھڑا کردیا گیا تھا۔الارم فون نامی تنظیم نے بتایا کہ 6 روز قبل لاپتا ہونے والی اس کشتی کے بارے میں تمام فریق ممالک کے حکام کو آگاہ کر دیا تھا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 12 جنوری کو اسپین کی میری ٹائم ریسکیو سروس کو الرٹ کر دیا تھا تاہم انھوں نے بتایا تھا کہ اسے کشتی کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔
دوسری جانب کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی ریحان،علی رضا، عاقب، جانی مہر، ابوبکر، عمر فاروق اور عاطف کے ناموں سے شناخت ہوئی ہے۔ نوجوانوں کا تعلق گجرات کے نواحی گاوں جوڑا کرنانہ اور ڈھولہ سے ہے۔قائم مقام پاکستانی سفیر رابعہ قصوری کا کہنا ہے کہ مراکشی حکام نے 10 پاکستانیوں کی تفصیلات فراہم کی ہیں، صبح سفارتخانے کے حکام ہسپتال جا کر ریکارڈ چیک کریں گے، زندہ بچنے والوں سے بھی ملاقات کریں گے۔
مراکشی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔دریں اثناءصدرمملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے میڈرڈ میں کشتی حادثے میں جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔صدر مملکت آصف زرداری نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔ صدر مملکت نے انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے موثراور دور رس اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے بھی جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا، وزیراعظم نے متعلقہ حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔
شہبازشریف نے کہا انسانی سمگلنگ جیسے مکروہ عمل میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انسانی سمگلنگ کے خلاف بھرپور اقدامات اٹھا رہے ہیں۔