مہنگائی میں اضافے کے باعث 21 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا

حالیہ ہفتے میں ایل پی جی، دال چنا، مونگ، گھی، چائے، چاول سمیت اکیس اشیاء مہنگی ہوگئیں، 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔ ادارہ شماریات کی مہنگائی پر ہفتہ وار رپورٹ

اسلام آباد ( نیوز ڈیسک ) وفاقی بجٹ میں ٹیکسز بڑھنے آئی ایم ایف کی شرائط پر بجلی کی قیمتوں کے اضافے سے جہاں عوام پر مہنگائی کے شدید اثرات پڑے ہیں، وہاں حکومت کی عوام دوست حکمت عملی کی وجہ سے مہنگائی کی شرح بڑھ کر 13.18 فیصد تک پہنچ گئی، جس کے باعث ہفتہ وار بنیادوں پر21 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے، جس کے تحت ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.44 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔
رواں ہفتے 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ بریڈ، جلانے کی لکڑی سمیت 20 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ ادارہ شماریا ت کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چکن فی کلو 16روپے 75 پیسے، آٹے کا بیس کلو کا تھیلا 62 روپے 80 پیسے، ٹماٹر فی کلو 21 روپے 89 پیسے، پیاز فی کلو 8 روپے 87 پیسے مہنگا ہوا ہے۔
لہسن 13روپے فی کلو ، دال چنا 5 روپے 10پیسے۔

اسی طرح ایل پی جی ، دال مونگ ، گھی، چائے، چاول بھی مہنگی ہوگئی ہیں۔ ایک ہفتے میں چینی کی قیمت میں 2 روپے فی کلو، انڈے 4 روپے 43 پیسے فی درجن سستے ہوئے ہیں، کیلے کی قیمت بھی فی درجن 2 روپے کمی ریکارڈ کی گئی، آلو ، پیٹرول، ڈیزل ، دال ماش اور گڑ کی قیمتوں میں بھی کمی ہوگئی ہے۔ اسی طرح عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ بڑھنے پر پاکستان میں بھی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں ایک ہزار 800 روپے کا اضافہ ہوگیا ہے۔ فی تولہ سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں نئی قیمت 2 لاکھ 76 ہزار 200 روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں ایک ہزار 543 روپے کا اضافہ ہوا۔ جس کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 36 ہزار797 روپے ہوگئی ہے۔