اگلا حملہ اس سے کہیں زیادہ تکلیف دہ ہوگا: آیت اللہ خامنہ ای کا اسرائیل کو انتباہ

تہران: ( انٹرنیشنل ڈیسک ) ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ ایران طاقت کا دوسرا نام ہے، اسرائیل ایران کے ساتھ تصادم سے گریز کرے، اگلا حملہ اس سے کہیں زیادہ تکلیف دہ ہوگا۔ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے نیتن یاہو کو عبرانی زبان میں سخت پیغام دینے ہوئے کہا کہ ایرانی حملہ اسرائیلی جارحیت کا فیصلہ کن جواب ہے، حملہ ایران کے مفاد میں کیا، نیتن یاہو کو سمجھ جانا چاہئے کہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو اگلا حملہ اس سے کہیں زیادہ تکلیف دہ ہوگا۔

آیت اللہ خامنہ ای نے سوشل میڈیا پر یہ پوسٹ عبرانی زبان میں کی ہے اور یہ پوسٹ ایران کی جانب سے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل برسانے کے چند ہی لمحے بعد کی گئی۔

اس سے قبل ایرانی سپریم لیڈر کے ایکس کے آفیشل اکاؤنٹ سے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے بنی میزائلوں کی تصویر پوسٹ کی گئی اور اس پر ’نصر من اللہ و فتح قريب‘ درج ہے۔

اس ٹوئٹ کو چند منٹ میں سیکڑوں بار ری ٹوئٹ کیا گیا ہے۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ’ایکس‘ پر پیغام میں کہا کہ ایران جنگ نہیں چاہتا لیکن کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔

ادھر ایران کے چیف آف سٹاف نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اگر ان کی سرزمین پر حملہ ہوا تو اسرائیل کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا جائے گا۔

عرب میڈیا کے مطابق میجر جنرل محمد باقری نے سرکاری ٹی وی پر کہا ہے کہ میزائلوں کی بوچھاڑ بڑی شدت کے ساتھ دہرائی جائے گی اور یہودی حکومت کے تمام بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایران نے اسرائیل پر 400 سے زائد بیلسٹک میزائل داغے جو اصفہان، تبریز، خرم آباد، کرج اور اراک سے فائر کیے گئے جس کے بعد مقبوضہ بیت المقدس سمیت اسرائیل بھر میں سائرن بجنے لگے، میزائل حملوں کے بعد اسرائیلیوں نے بنکرز میں پناہ لی۔