ایلون مسک کا آئندہ چھ سال میں مریخ پر انسان بردار مشن روانہ کرنے کا اعلان

واشنگٹن(این این آئی)خلائی تحقیق کی نجی امریکی کمپنی سپیس ایکس نے آئندہ چھ سال میں مریخ پر انسان بردار مشن روانہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایکس پر جاری ایک پیغام میں سپیس ایکس کے سی ای او ایلون مسک نے کہا کہ ان کی سپیس ٹیک کمپنی، سپیس ایکس اگلے دو سالوں میں مریخ پر لگ بھگ پانچ بغیر عملے کے خلائی مشن روانہ کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

اگر یہ تمام خلائی جہاز مریخ پر بحفاظت اتر گئے تو کمپنی اگلے چار سالوں میں مریخ پر انسان بردار مشن روانہ کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے مشن ہر دو سال اس وقت روانہ کئے جائیں گے جب زمین اور مریخ ایک سیدھ میں آتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ان کا مریخ کا طے شدہ منصوبہ ناکام بھی ہو جا تا ہے تب بھی سپیش ایکس ہر ٹرانزٹ موقع کے ساتھ مریخ پر سفر کرنے والے خلائی جہازوں کی تعداد میں اضافہ کرتا رہے گا۔

لہذا، پہلے انسان بردار مشن کی ٹائم لائن بغیر عملے کے پروازوں کی کامیابی پر منحصر ہوگی۔ ایلون مسک نے مزید کہا کہ ہم کسی بھی ایسے شخص کو مریخ پر جانے کے قابل بنانا چاہتے ہیں جو خلائی مسافر بننا چاہتا ہے۔