مودی نے امریکا سے 297 انمول نوادرات واپس لے لیے

نئی دہلی(این این آئی) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے دورہ امریکا کے موقع پر بھارت کے 297 انمول نوادرات واپس لے لیے۔عرب ٹی وی مطابق امریکا نے تین سو کے قریب انمول نوادرات ہندوستان کو لوٹا دیے، نریندر مودی نے ملاقات کے دوران نوادرات لوٹانے پر امریکی صدر جو بائیڈن کا شکریہ ادا کیا۔یہ نوادرات غیر قانونی طور پر ہندوستان سے امریکا منتقل کیے گئے تھے، وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ دونوں ممالک کے گہرے باہمی تعلقات اور وسیع ثقافتی مفاہمت کے مد نظر یہ نوادرات لوٹائے گئے ہیں۔

یہ نوادرات فی الوقت امریکا ہی میں موجود ہیں، تاہم انھیں جلد بھارت پہنچا دیا جائے گا، ان میں سے چند نوادرات ویلمنٹن میں مودی اور بائیڈن کو بھی دکھائے گئے۔واضح رہے کہ امریکی وزارت خارجہ کے بیورو آف ایجوکیشنل اینڈ کلچرل افیئرز اور ہندوستان کے محکمہ آثار قدیمہ نے اس حوالے سے جولائی 2024 میں کلچرل پراپرٹی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔یہ نوادرات تقریبا 4 ہزار سال پرانے ہیں اور یہ ہندوستان کے مختلف حصوں سے تعلق رکھتے ہیں۔