بیروت: ( انٹرنیشنل ڈیسک ) اسرائیل کا لبنان میں حزب اللہ کے خلاف حملوں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے پیجر ڈیوائسز دھماکوں سے اُڑا دیں، 9 اہلکار جاں بحق جبکہ ہزاروں زخمی ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق لبنان کے مخلتف علاقوں میں حزب اللہ ارکان کے پیجرز میں ایک ساتھ دھماکے ہوئے، رابطوں کے لیےاستعمال ہونے والی پیجر ڈیوائسز میں دھماکوں سےحزب اللہ کے تقریبا اڑھائی ہزار اہلکار زخمی ہوئے۔
عرب میڈیا کے مطابق پیجر ڈیوائسز میں دھماکے جنوبی لبنان اور بیروت کے نواحی علاقوں میں ہوئے، حزب اللہ کے زخمی ارکان کو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے جن میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پیجرز دھماکوں کے نتیجے میں لبنان میں ایران کے سفیر مجتبیٰ امانی بھی زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں سے اکثر کو ہاتھوں، پیروں، چہروں اور آنکھوں پر زخم آئے ہیں۔
حزب اللہ کے ایک عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر غیر ملکی خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پیجرز میں دھماکا ہونا موجودہ جنگ کے دوران سکیورٹی کی سب سے بڑی ناکامی ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق پیجرز میں دھماکوں کا سلسلہ دوپہر 3 بج کر 45 منٹ پر شروع ہوا جو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ زخمیوں کےلیے ہسپتالوں میں جگہ کم پڑ گئی، اسپتالوں میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ 400 سے زیادہ افراد اسپتالوں میں لائے گئے ہیں۔