لبنان میں غیر مستحکم حالات پیدا کرنے کی کوششوں پر تشویش ہے: اقوام متحدہ

نیویارک: ( انٹرنیشنل ڈیسک ) اقوام متحدہ نے بھی لبنان میں پیجر ڈیوائسز دھماکوں پر تشویش کا اظہار کردیا۔ اقوام متحدہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ لبنان میں پیجر دھماکوں کی پیشرفت انتہائی تشویشناک ہے، لبنان میں غیر مستحکم حالات پیدا کرنے کی کوششوں پر تشویش ہے۔

اس سے قبل ایران نے بھی لبنان میں پیجر دھماکوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے اسرائیل کی جانب سے “ماس مرڈر” کی کوشش اور دہشتگردی کی کارروائی قرار دیا تھا۔

ایران کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے ایسی کارروائی جنگی اخلاقیات اور عالمی انسانی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ حماس کی جانب سے بھی لبنان می پیجر حملوں کی ذمہ داری اسرائیل پر ڈالتے ہوئے شدید مذمت کی گئی۔

واضح رہے کہ پیجر دھماکوں میں ایک بچے سمیت 9 افراد شہید جبکہ ڈھائی ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں، 200 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔