لندن: ( انٹرنیشنل ویب ڈیسک) برطانیہ نے ایران کے خلاف پابندیوں میں توسیع کر دی، پابندیوں میں اب ایرانی پاسداران انقلاب کی سپیشل فورسز یونٹ قدس فورس کو شامل کرلیا گیا۔
روسی ایجنسی کے مطابق ملک میں داخلے پر پابندی اور اثاثوں کو منجمد کرنے کی صورت میں یہ پابندیاں ایرانی پاسداران انقلاب کے یونٹوں میں سے ایک کے کمانڈر حمید فاضلی کے خلاف عائد کی گئی ہیں، عبدالفتاح اھوازیان اور بہنام شہریاری پر بھی پابندیاں لگا دی گئی ہیں۔
برطانوی حکومت کی ویب سائٹ کے مطابق عبدالفتاح اھوازیان ایرانی حکومت کی مخالفانہ سرگرمیوں میں ملوث تھا، ان سرگرمیوں کا مقصد برطانیہ کو غیر مستحکم کرنا تھا، بہنام شہریاری اسرائیل، عراق، یمن اور لبنان میں حالات کو غیر مستحکم کرنے کی سرگرمیوں میں بھی ملوث تھا۔
ویب سائٹ پر جاری کردہ فہرست میں یہ بھی بتایا گیا کہ قدس فورس کا یونٹ 700 برطانیہ کے اندر عدم استحکام پیدا کرنے والی سرگرمیوں کی تیاری اور منصوبہ بندی کر رہا تھا، مجموعی طور پر اب ایران کے خلاف برطانیہ کی پابندیوں کی فہرست میں 27 قانونی ادارے اور 190 افراد شامل ہوگئے ہیں۔