غزہ : ( انٹرنیشنل ڈیسک ) غزہ میں اقوام متحدہ اور مقامی وزارت صحت کے حکام کی مشترکہ کوششوں سے پولیو ویکسی نیشن مہم جاری ہے، گزشتہ روز غزہ میں تقریبا 72 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین دی گئی۔ عرب میڈیا کے مطابق اس مہم کے دوران غزہ کے کچھ علاقوں میں عارضی جنگ بندی کی گئی ہے، اتوار کے روز غزہ کی پٹی میں پولیو کے قطرے پلانے کی مہم باضابطہ طور پر شروع ہوئی، جس کا اعلان غزہ میں وزارت صحت کے ایک اہلکار نے ’اے ایف پی‘ سے بات کرتے ہوئے کیا۔
اقوام متحدہ نے اعلان کیا کہ یہ مہم مرحلہ وار فلسطینی پٹی کے تمام علاقوں میں چلائی جائے گی، جو تقریباً 11ماہ سے تباہ کن جنگ کا سامنا کر رہی ہے، اس کے ساتھ “انسانی جنگ بندی” بھی ہو گی، جس کی شرائط مکمل طور پر واضح نہیں ہیں۔
غزہ کی پٹی میں گزشتہ ماہ ایک چوتھائی صدی میں پولیو کا پہلا کیس سامنے آنے کے بعد اقوام متحدہ نے ویکسینیشن مہم کا اعلان کیا تھا، وسطی غزہ کی پٹی میں ایک دس ماہ کے بچے میں پولیووائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
اقوام متحدہ کی ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین (یو این آر ڈبلیو اے) کے ترجمان لوئیس واٹریج نے تصدیق کی کہ اتوار کو دیر البلح کے ایک کلینک میں تقریباً 2ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے تھے۔
غزہ میں وزارت صحت نے اعلان کیا کہ اس نے مہم کے پہلے دن 72,611 بچوں کو قطرے پلائے۔
پولیو وائرس اکثر سیوریج اور آلودہ پانی سے پھیلتاہے، یہ انتہائی متعدی بیماری ہے، مستقل طور پر بگاڑ اور فالج کا سبب بن سکتا ہے، اور یہ جان لیوا بھی ہو سکتا ہے، یہ بنیادی طور پر پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو متاثر کرتا ہے۔
اقوام متحدہ نے زبانی ویکسین کی 1.26 ملین خوراکیں بھیجیں، ہفتے کے روز مہم کے باضابطہ آغاز سے پہلے جنوبی غزہ کی پٹی کے خان یونس میں متعدد بچوں کو ویکسین پلائی گئی۔
عالمی ادارہ صحت نے اعلان کیا کہ اسرائیل نے غزہ بھر میں 640,000 بچوں کو ویکسینیشن مہم چلانے کے لیے وسطی غزہ ، جنوب اور شمال میں ہر تین دن تک جاری رہنے والی “انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی” کے سلسلے پر اتفاق کیا ہے لیکن اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے زور دے کر کہا ہے کہ یہ عارضی جنگ بندی “جنگ بندی نہیں ہے”۔
اتوار کو ملنے والی فیلڈ رپورٹس میں دوپہر دو بجے تک بمباری یا فوجی کارروائیوں کی نشاندہی نہیں کی گئی، جو ابتدائی طور پر جنگ بندی کے خاتمے کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔
غزہ کی پٹی میں وزارت صحت اور اقوام متحدہ کی ایجنسیوں نے 67 حفاظتی ٹیکوں کے مراکز کی نشاندہی کی ، وسطی غزہ میں ہسپتالوں، ڈسپنسریوں اور سکولوں میں 59 مراکز قائم کیے گئے ، جنوب میں 33 مراکز قائم ہیں، شمالی غزہ میں یہ مہم دوسرے اور تیسرے مرحلے میں شروع کی جائے گی۔
واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 7اکتوبر 2023 سے اب تک 40ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ 92ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے جبکہ ہزاروں لاپتا ہیں۔