ایک ہفتے کے دوران 5.7ملین سے زیادہ نمازیوں کی مسجد نبویۖ آمد

ریاض(این این آئی)مسجد الحرام اور مسجد نبویۖ کے امور کی دیکھ بھال کی جنرل اتھارٹی نے کہاہے کہ گزشتہ ہفتے مسجد نبویۖ میں 5.7ملین سے زیادہ نمازیوں کی آمد ہوئی ہے۔اتھارٹی کے اعداد وشمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 57لاکھ 35ہزار16افراد نے مسجد نبویۖ کا دورہ کیا۔ 5لاکھ 27ہزار152زائرین نے روضہ رسولۖ پر حاضری دی جبکہ 2لاکھ 58ہزار 752افراد نے روضہ الشریفہ(ریاض الجنہ)میں نماز ادا کی۔

تمام انتظامات منظم طریقے سے کیے گئے۔ایک ہفتے کے دوران 1590ٹن زم زم تقسیم کیا گیا۔ پانی کی جانچ اور تجزیے کیلئے 196سیمپلز جمع کیے گئے۔اسی طرح مخصوص مقامات پر2لاکھ 57ہزار 277افطار پیکٹ تقسیم کیے گئے۔اتھارٹی نے بتایاکہ26ہزار 811زائرین نے ترجمے کی خدمات سے فائدہ اٹھایا۔