برسلز(این این آئی)یورپی یونین کے قانون نافذ کرنے والے ادارے یوروپول نے کہا ہے کہ انہوں نے اٹلی کے شہر نیپلز میں گزشتہ ہفتے ایک ایسے شخص کو گرفتار کیا جس پر تقریبا 11 ملین یورو (12 ملین ڈالر)مالیت کے جعلی یورو نوٹ تیار کرنے کا شبہ ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یوروپول حکام نے بتایا کہ ملزم گرفتاری سے قبل یورپ بھر میں تقریبا آٹھ ملین یورو مالیت کے جعلی نوٹ فروخت کر چکا تھا۔ قانونی وجوہات کی بنا پر پولیس کی جانب سے ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق سب سے زیادہ جعلی نوٹ فرانس کی مارکیٹ میں استعمال کیے گئے جبکہ تین ملین یورو مالیت کے نوٹ چھاپے کے وقت لیبارٹری میں تیار شدہ حالت میں ملے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم ایک بنکر نما لیبارٹری میں نوٹ تیار کرتا تھا۔پولیس حکام کا کہنا تھا کہ 2023 میں جتنے میں جعلی نوٹ پکڑے گئے، ان میں سے 27 فیصد جعلی نوٹوں کا ذمہ دار یہی ملزم تھا۔ملزم نے جعلی نوٹ تیار کرنے والی لیبارٹری گیراج اور ایک سلائیڈنگ دروازے کے پیچھے بنا رکھی تھی۔ یورو پول نے یہ چھاپہ اطالوی پولیس کی مدد سے مارا اور پولیس حکام وہاں جدید پرنٹنگ سامان دیکھ کر حیران رہ گئے۔یورو پول حکام کا کہنا تھا کہ انہیں وہاں ایک تقریبا انڈسٹریل پروڈکشن لائن ملی، جس میں 31 ڈیجیٹل پرنٹنگ مشینیں بھی شامل ہیں اور وہاں خام مال کی وسیع مقدار بھی موجود تھی۔