بنگلا دیش، خالدہ ضیاء کا 6 سال بعد پہلے عوامی خطاب میں انتقام نہ لینے کا اعلان

ڈھاکہ (این این آئی) سابق وزیر اعظم اور بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کی چیئرپرسن خالدہ ضیاء نے 6 سال بعد پہلے عوامی خطاب میں انتقام نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ظلم کا دور ختم ہوا اب بس ملک کو آگے چلتے رہنا چاہئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق سابق بنگلا دیشی وزیر اعظم خالدہ ضیاء نے ساڑھے 6 سال بعد جیل سے رہائی کے بعد ویڈیو لنک کے ذریعے پہلے عوامی خطاب میں کہا کہ حسینہ واجد کا دور ظلم اور جبر کا دور تھا ،جو اب ختم ہوا، میں سب کو معاف کرتی ہوں ،کسی سے انتقام نہیں لوں گی، ملک کو آگے چلتے رہنا چاہئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق خالدہ ضیاء خطاب کے دوران کافی کمزور اور نحیف دکھائی دیں انہیں جیل سے ایور کیئر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق خالدہ ضیا نے فی الحال اپنے سیاسی مستقبل کے بارے میں کچھ نہیں بتایا ،تاہم کہا جا رہا ہے کہ وہ بیماری کے باعث اب شائد سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرلیں۔