ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر مہنگا کر دیا گیا، نوٹیفکیشن جاری

لاہور( این این آئی)آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے اگست کے لیے ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں 2روپے 28پیسے کا اضافہ کردیا گیا جبکہ ایل این جی کی قیمتوں میں8.50فیصد تک کمی کر دی گئی۔اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق فی کلو قیمت میں 2روپے 28پیسے اضافے کے بعد ایل پی جی کی نئی فی کلو قیمت 233روپے مقرر کردی گئی۔ایل پی جی کا 118کلوگرام کا گھریلو سلنڈر 26روپے 90پیسے مہنگا ہوگیا، ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2ہزار 797 روپے مقرر کردی گئی۔دوسری جانب اوگرا نے اگست کے لیے ایل این جی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔سوئی ناردرن کے لیے ایل این جی کی قیمت میں 1.23ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کر دی گئی جس کے بعد قیمت میں13.39ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی گئی ۔سوئی سدرن کیلئے 1.22ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کمی کرتے ہوئے قیمت13.15 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یومقرر کر دی گئی ۔