ابھی تک 90 افرادلاپتہ ہیں جبکہ 131 افراد کو ہسپتالوں میں منتقل کیا گیاہے‘امدادی کاروائیاں آج بھی جاری رہیں گی. ریاستی حکام
دہلی( انٹرنیشنل ڈیسک ) بھارتی ریاست کیرالہ میں مٹی کے تودے گرنے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 170سے تجاوزکرگئی ہے جبکہ ابھی تک 90 افرادلاپتہ ہیں جبکہ 131 افراد کو ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے. ریاست کیرالہ میں منگل کے روز تین مختلف علاقوں وائناد کے چورلمالا، منڈکئی میں مٹی کے تودے گرنے سے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ریاست کے وزیر اعلی کے دفتر کے ایک اہلکار نے صحافیوں کو بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد 170سے زیادہ ہوگئی ہے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روزغروب آفتاب کے بعد بھی فوج، بحریہ، فضائیہ، این ڈی آر ایف اور فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کی مدد سے ریسکیو آپریشن جاری رہا جو کہ آج بھی جاری رہے گا .
انہوں نے کہا کہ لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں موسلادھار بارشیں بھی جاری ہیں جس کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق کیرالہ میں ریسکیو اداروں کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اب تک امدادی کارروائیوں کے دوران 250 سے زائد افراد کو بچا لیا گیا ہے. خوفناک لینڈسلائیڈنگ کے یہ واقعات شدید بارشوں کی وجہ سے کیرالہ کے ضلع وایناڈ کے پہاڑی علاقے میں تین مختلف مقامات پر پیش آئے ہیں بھارتی ذرائع ابلاغ نے بتایا کہ ریاستی حکومت نے امدادی ٹیمیں بھارتی فوج اور فضائیہ کے ہیلی کاپٹروں سے متاثرہ علاقوں میںکارروائیوں کے لیے مددکررہی ہیں .
امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ موسم کی خرابی اور وقفے وقفے سے جاری بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے کیرالہ بھارت کے پرکشش سیاحتی مقامات میں سے ایک ہے تاہم اس ریاست کو شدید موسمی اثرات کا سامنا ہے کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین کا کہنا ہے کہ ہمیں ریاستی تاریخ کی بدترین قدرتی آفت کا سامنا ہے، ریسکیو آپریشن میں اب تک150سے زیادہ لاشیں نکالی جا چکی ہیں سینئر پولیس افسر ایم آر اجیت کمار نے اے صحافیوں کو بتایا کہ منگل کی صبح لینڈ سلائیڈنگ کے بعد سے 500کے قریب لوگوں کوزندہ بچا لیا گیا ہے جبکہ اب تک ہمیں 150 سے زائد لاشیں مل چکی ہیں انہوں نے کہاکہ ابھی بھی سرچ آپریشن کا کام جاری ہے اور اس بات کا تعین کیا جارہا ہے کہ ملبے تلے زندہ لوگ موجود ہیں یا نہیں‘ بھارت کے نشریاتی ادارے” ایشیا نیٹ نیوز“نے مرنے والوں کی تعداد 177 بتائی ہے 2018 میں آنے والے سیلاب کے بعد کیرالہ میں گزشتہ روز کی لینڈ سلائیڈنگ سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ماہرین نے کہا کہ اس علاقے میں گزشتہ دو ہفتوں سے شدید بارش ہو رہی تھی جس سے مٹی نرم ہو گئی تھی اور پیر کو ہونے والی شدید بارش کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ ہوئی.
گزشتہ روز کیرالہ کی ریاستی وزیر صحت وینا جارج نے بتایاتھا کہ متاثرہ علاقے میں ریسکیو آپریشن جاری ہے اس لیے ہلاکتوں اور زخمیوں کے درست اعدادوشمار کے بارے میں بتانا مشکل ہے جبکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کیرالہ حکومت کو صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن مدد کا یقین دلایاتھا کیرالہ کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے کہا کہ ریاست میں مزید بارش اور تیز ہواﺅں کی پیش گوئی کی گئی ہے موسم کی خرابی سے امدادی کاروائیوں میں دشواری کا سامنا ہے موسلا دھار بارش اور طوفان کی پیشگوئی کے پیش نظر وائناڈ ضلع اور آس پاس کے علاقوں میں الرٹ جاری کرتے ہوئے حکام نے ریاست کے 14 میں سے 10 اضلاع میں سکول اور کالج بھی بند کرنے کا اعلان کیا تھا.