بھارتی ریاست کیرالہ میں شدید بارشوں سے لینڈ سلائیڈنگ میں 24 افراد ہلاک

70افراد زخمی ہیں جبکہ کافی لوگ ملبے کے نیچے دبے ہیں ‘ہلاکتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے. ریاستی وزیرصحت

نئی دہلی( انٹرنیشنل ڈیسک ) بھارتی ریاست کیرالہ کے شہروایناڈ کے نواح میں شدید بارشوں کی وجہ سے مٹی کا تودے گرنے سے 24افراد لوگ ہلاک ہو گئے ہیں کیرالہ کی وزیر صحت وینا جارج نے بتایا کہ اب تک 24 لوگوں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ70 سے زیادہ افراد زخمی ہیں حکام کا کہنا ہے کہ لینڈ سلائیڈنگ میں بڑی تعداد میں لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوسکتا ہے.
بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریاست کے وزیر جنگلات اے کے سسیندرن نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ فی الحال تودے میں پھنسے لوگوں کی تعداد بتانا مشکل ہے امدادی ٹیمیں بھارتی فوج اور فضائیہ کے ہیلی کاپٹروں کی مدد سے متاثرہ علاقوں میںکارروائیوں میں مصروف ہیں امدادی اداروں کا کہنا ہے کہ موسم کی خرابی اور وقفے وقفے سے جاری بارش کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے.
کیرالہ کی ریاستی وزیر صحت وینا جارج نے بتایا کہ مختلف ہسپتالوں میں 24 لاشیں موصول ہوئی ہیں اور کئی زخمیوں کو بھی ہسپتال لایا گیا ہے متاثرہ علاقے میں ریسکیو آپریشن جاری ہے. بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ انہوں نے کیرالہ حکومت کو صورت حال سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ہے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایک پر پیغام میں انہوں نے کہاکہ میری دعا زخمیوں اور ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنے پیاروں کو کھو دیا.
ریاست کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی نے کہا کہ ریاست کیرالہ میں مزید بارش اور تیز ہواﺅں کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ موسم کی خرابی سے امدادی کاروائیوں میں دشواری کا سامنا ہے بھارتی قائد حزب اختلاف راہول گاندھی نے کہا کہ وہ سخت غمزدہ ہیں اورمجھے امید ہے کہ پھنسے ہوئے لوگوں کو جلد ریسکیو کر لیا جائے گا بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ آج منگل کے روزبھی ریاست کیرالا کے ضلع وایناڈ کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے اور ایک اہم پل کے گرنے کی اطلاعات ہیں.
موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر وائناڈ ضلع اور آس پاس کے علاقوں میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے ریاست کے 14 میں سے 10 اضلاع میں سکول اور کالج بھی بند کردیے گئے ہیں ضلع کے کئی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے، جن میں منڈکئی، اٹامالا، چورلمالا اور کنہوم شامل ہیں. دوسری جانب بھارتی ریاست جھارکھنڈ کے ضلع سرائیکیلا کھرساواں میں منگل کی صبح ممبئی ہاﺅڑہ میل کے دس ڈبے پٹری سے اتر گئے بھارتی نشریاتی ادارے کے مطابق حادثے میں چھ افراد زخمی ہوئے ہیں حادثہ بادامبو کے قریب صبح پانچ بجے کے قریب جمشید پور سے 80کلو میٹردورپیش آیا ساﺅتھ ایسٹرن ریلوے کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ بارابمبو کے قریب ممبئی ہاﺅڑہ میل کی 10 سے 12 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں اس حادثے میں چھ افراد زخمی ہوئے ہیں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں.