واشنگٹن : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے حوالے سے معاہدے کو تیزی سے حتمی شکل دیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے یہ مطالبہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے ملاقات کے دوران کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جوبائیڈن نے خلا ختم کرنے، جلد از جلد معاہدے کو حتمی شکل دینے، یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ تنازع کے پائیدار خاتمے کی ضرورت پر زور دیا۔
علاوہ ازیں امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے نیتن یاہو سے ملاقات کے دوران غزہ میں انسانی صورتحال پر سنگین تحفظات کا اظہار کیا۔
کملاہیرس نے اسرائیلی وزیر اعظم پر زور دیا کہ وہ جنگ بندی کے معاہدے کیلئے اقدامات کریں اس سے فلسطینی شہریوں کی مشکلات میں آسانی پیدا ہوگی۔
واضح رہے کہ غزہ میں اب تک اسرائیلی بربریت کے نتیجے میں شہداء کی مجموعی تعداد 39 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ 90 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں۔