سوزوکی موٹر کارپوریشن کاآلٹو ہیچ بیک گاڑی بارے بڑا فیصلہ

لاہور( این این آئی)سوزوکی موٹر کارپوریشن نے آلٹو ہیچ بیک گاڑی کا وزن 15فیصد تک کم کرنے کا ارادہ کر لیا ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سوزوکی موٹر کارپوریشن اگلے 10سال کے عرصے میں آلٹو گاڑی کا وزن 15فیصد کم کر دے گی جس کا مقصد گاڑی کی توانائی کے استعمال کو کم سے کم رکھنا ہے۔

آلٹو گاڑی کا وزن 680کلوگرام ہے جو وقت کے ساتھ تبدیلی کے بعد 100کلوگرام کم ہو جائے گا اور اس تبدیلی سے نہ صرف گاڑی کی فیول ایوریج بہتر ہو گی بلکہ اس کی لاگت میں بھی کمی واقع ہو گی۔سوزوکی کے جائزے کے مطابق گاڑی کے وزن میں 200کلوگرام کی کمی مینوفیکچرنگ مرحلے پر توانائی کی کھپت میں 20فیصد اور استعمال کے دوران 6فیصد تک کمی کر سکتی ہے۔سوزوکی کارپوریشن نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ سافٹ ویئر اور ایڈوانسڈ ڈرائیور اسسٹ ٹیکنالوجیز تیار کرنے کے لیے کام کر رہی ہے جس سے سڑکوں پر ٹریفک جام کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔