1500 ٹن تیل لے جانے والا ٹینکر فلپائنی سمندری حدود میں ڈوب گیا

منیلا(این این آئی) فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں 15 لاکھ لیٹر صنعتی ایندھن لے جانے والا ٹینکر سمندر میں ڈوب گیا ہے جس کے نتیجے میں ٹینکر سے تیل کا اخراج شروع ہو گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلپائن کے وزیر نقل و حمل جیمی بوٹسٹا نے بتایا کہ فلپائن کے جھنڈے والے ایم ٹی ٹیرا نووا نامی آئل ٹینکر کے عملے کے 16 ارکان کو بچا لیا گیا ہے جبکہ ایک ابھی تک لاپتہ ہے، تاہم حادثے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔جیمی بوٹسٹا نے کہا کہ آئل ٹینکر سے تیل کے اخراج کا پتہ چلا ہے لیکن تیز ہوائیں اور اونچی لہریں ریسکیو کے کام میں رکاوٹ بن رہی ہیں، جبکہ تیل سمندر کی سطح کے بڑے حصے پر پھیلنا شروع ہو گیا ہے۔