غزہ: ( انٹرنیشنل ڈیسک ) اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقے خان یونس میں تیسری بار آپریشن شروع کر دیا گیا، حملوں میں 24 گھنٹوں کے دوران 84 فلسطینی شہید جبکہ 329 زخمی ہو گئے۔ غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صیہونی فوج کی جانب سے غزہ کے مشرقی علاقے خان یونس کی رہائشی عمارتوں اور بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں 84 نہتے فلسطینی شہید جبکہ 329 زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق بمباری کے نتیجے میں تباہ ہونے والے ملبے کے نیچے 30 سے زائد افراد دبے ہوئے ہیں، تازہ حملوں کے بعد شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد 39 ہزار 90 ہو گئی جبکہ 90 ہزار 147 زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی افواج نے لاکھوں بے گھر فلسطینیوں کو دوبارہ جبری بے دخلی کا حکم دے دیا جبکہ اسرائیلی فورسز کو غزہ کے 80 فیصد حصے پر کنٹرول حاصل ہو گیا ہے، قبضے کے بعد لاکھوں فلسطینی محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
غزہ کے دیگر علاقوں میں بھی حملے جاری ہیں، غزہ شہر میں اقوام متحدہ امدادی ایجنسی کا قافلہ اسرائیلی حملے کی زد میں آیا جبکہ غزہ میں ہی حملوں کے نتیجے میں مزید دو اسرائیلی یرغمالی ہلاک ہو گئے جن کی ہلاکت کی اسرائیلی فوج نے تصدیق کر دی ہے۔