بنگلا دیش،کوٹہ سسٹم کیخلاف احتجاجی مظاہرہ،طلبہ کا حکومت کو 48گھنٹوں کا الٹی میٹم

ڈھاکہ(این این آئی)بنگلا دیش میں طلبہ نے سرکاری ملازمتوں میں کوٹا سسٹم کے خلاف احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے حکومت کو مطالبات کی منظوری کیلئے 48گھنٹوں کا الٹی میٹم دے دیا۔غیرملکی میڈیاکے مطابق گزشتہ روز عدالت نے علیحدگی کی تحریک میں حصہ لینے والوں کے خاندانوں کا سرکاری ملازمتوں میں 30فیصد کوٹا بحال کرنے کا ہائیکورٹ کا حکم معطل کرکے کوٹا 7فیصد تک محدود کر دیا تھاتاہم احتجاج کرنے والے طلبا نے مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کیاہے اس کے ساتھ ہی انہوں نے مطالبات کی منظوری کیلئے حکومت کو 48گھنٹوں کا الٹی میٹم بھی دے دیا ۔

احتجاجی مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ گرفتار مظاہرین کو فوری رہا کیا جائے،کرفیو اٹھایا جائے،جامعات کھولی جائیں۔غیرملکی میڈیاکے مطابق ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر فوج تعینات اور کرفیو نافذ ہے۔کرفیو میں دوپہر کے اوقات میں 3گھنٹوں کیلئے نرمی کی جائے گی جبکہ حکومت نے پرتشدد مظاہروں کے پیش نظر پیرکوبھی عام تطیل کا اعلان کر رکھاتھا۔