حزب اللہ سمیت تمام مزاحمتی گروپوں کی پھرپورحمایت جاری رہے گی : مسعود پزشکیان

تہران : (انٹرنیشنل ویب ڈیسک ) ایران کے نومنتخب صدر مسعود پزشکیان نے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ایران کی حزب اللہ اور دوسرے ایرانی حمایت یافتہ مزاحمتی گروپوں کے لیے حمایت پوری مضبوطی سے جاری رہے گی ۔ عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ روز ایرانی صدر نے اس امر کا اظہار حسن نصراللہ کی طرف سے بھیجے گئے تہنیتی خط کے جواب میں کیا ہے۔

ایرانی نومنتخب صدر نے حزب اللہ کے سربراہ کے نام اپنے خط میں لکھا ہے کہ ایران پہلے بھی غیر قانونی صہیونی رجیم کے خلاف حمایت کرتا ہے اور آئندہ بھی یہ جاری رکھے گا، مزاحمتی تحریوں کی حمایت ایران کی بنیادی پالیسیوں میں سے ایک ، یہ اسی مضبوطی کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔

صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ خطے میں اسرائیل کے خلاف مزاحمتی تحریک جاری رہے گی تاکہ اس کی مجرمانہ پالیسیوں کو توڑ کیا جا سکے۔

یاد رہے کہ ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں اکثریت کے ساتھ ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی ہے۔

واضح رہے ایران ایک عرصے سے عراق ،شام اور لبنان میں موجود مزاحمتی تحریکوں کو مالی و عسکری حمایت دیتا ہے، حزب اللہ ان گروپوں میں سے اہم ترین ایرانی حمایت یافتہ مزاحمتی گروپ ہے، انہی مزاحمتی گروپوں میں عرب پس منظر کا حامل فلسطینی مزاحمتی گروپ ہے جو فلسطینی عوام کے لیے اسرائیل کے خلاف مزاحمت میں لگا ہواہے۔