پیٹرولیم ڈیلرز بعد آٹا ملوں کا 10 جولائی سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان

کراچی (این این آئی) آٹا ملوں نے 10جولائی سے ملک گیرہڑتال کا اعلان کردیا اور خبردار کیا کہ ہم حکومت کو وقت دے رہے ہیں تاکہ عوام تنگ نہ ہوں۔تفصیلات کے مطابق پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے ود ہولڈنگ ٹیکس مسترد کرتے ہوئے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا۔

چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے کہا کہ مطالبات منظور نہ ہوئے تو دس جولائی کو ملز گندم کی واشنگ بند کردیں گے اور گیارہ جولائی سے ملک بھر میں آٹے کی سپلائی بند کردی جائے گی۔انھوں نے کہا کہ آٹا واحد چیز ہے جو سستی ہے، اسے بھی مہنگا کیا جارہا ہے، ہم حکومت کو وقت دے رہے ہیں تاکہ عوام تنگ نہ ہوں لیکن بدھ سے ہم مکمل ہڑتال کی طرف چلے جائیں گے۔