ماہانہ پنشن ختم کردی گئی، نیا نظام نافذ، نوٹیفکیشن جاری

پشاور (این این آئی)خیبرپختونخوا حکومت نے پنشن کے نظام میں اصلاحات کیلئے سول سرونٹ ایکٹ 1973ء میں ترمیم کے بعد نئی سکیم کو نافذکرتے ہوئے ماہانہ پنشن کا نظام ختم کردیا ،سکیم کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔پنشن کا نیا نظام جون 2022ء کے بعد نوکری پر رکھے گئے تمام ملازمین پر لاگو ہوگا ، نئی سکیم کے نفاذ کے بعد خیبرپختونخوا سرکاری ملازمین کی روایتی پنشن ختم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سکیم کے تحت جون 2022ء کے بعد بھرتی ہونے والے ملازمین کو اب ماہانہ پنشن کی بجائے ریٹائرمنٹ کے بعد یکمشت رقم ادائیگی کی جائے گی،رقوم کے انتظام کیلئے علیحدہ بینک اکائونٹ قائم کیا جائے گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ادائیگی کے وقت خزانے پر بوجھ نہ پڑے۔نئے پنشن سسٹم کو کنٹریبیوٹری پنشن سسٹم کا نام دیا گیا ہے، جس میں ملازمین کی تنخواہوں سے ان کے پے سکیل کی بنیاد پر ماہانہ کٹوتی کی جائیگی، صوبائی حکومت اس میں برابر کا حصہ ڈالے گی۔