کراچی (این این آئی)حب پاور کمپنی لمیٹڈ اور چینی آٹو کمپنی بی وائی ڈی کے درمیان شراکت داری کے اعلان کے بعد پاکستان آٹوموٹو ٹیکنالوجی کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، جو پاکستانی مارکیٹ میں الیکٹرک گاڑیاں متعارف کروانے کی علامت ہے۔ حب پاور کمپنی لمیٹڈ نے اپنے ماتحت ادارے حب پاور ہولڈنگز لمیٹڈ کے ذریعے الیکٹرک گاڑیوں کی مقامی پیداوار کیلئے بی وائی ڈی کے ساتھ تعاون کے منصوبوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔ حب پاور کے مطابق مقامی الیکٹرک گاڑیوں کی پیداوار میں ممکنہ طور پر معاشی فوائد اور روزگار کے وافر مواقع موجود ہیں۔
دیگر ترقی پذیر ممالک کی طرح پاکستان کو بھی فضائی آلودگی اور گرین ہاس گیسوں کے بڑھتے ہو ئے اخراج سے متعلق چیلنجز کا سامنا ہے۔ متوقع طور پر یہ کوشش نہ صرف مقامی آٹو مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرے گی بلکہ کاربن کے اخراج کو روکنے اور صاف توانائی کے حل کو فروغ دینے میں بھی معاون ثابت ہو گی۔ اس اقدام کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی عالمی کوششوں اور پاکستان کے پائیدار ترقیاتی اہداف میں بھی مدد حاصل ہو گی۔