بابری مسجد کی جگہ مندر بنانے والی بی جے پی کو ایودھیا میں شرمناک شکست

نئی دہلی(این این آئی) بھارتی انتخابات میں ہندو انتہا پسند بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کو ایودھیا میں بھی شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ایودھیا میں بابری مسجد کی جگہ رام مندربنانے کے باوجود مودی کے امیدوار کو انتخابات میں شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فیض آباد کے حلقے سے بی جے پی کے سینئر للو سنگھ کو سماج وادی پارٹی کے اودھیش پرساد نے 56 ہزار ووٹوں سے شکست دی۔بی جے پی اہم رہنما اور مودی کی کابینہ اہم وزیر سمرتی ایرانی کو امیٹھی میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

گزشتہ انتخابات میں کانگریس رہنما راہول گاندھی کو ہرانے والی سمرتی ایرانی کو کانگریس کے امیدوار کشوری لعل شرما نے 3 لاکھ 72 ہزار ووٹوں سے شکست دی۔دوسری جانب حیدرآباد دکن میں مسلمانوں کے خلاف زہر اگلنے والی اور انتخابی مہم کے دوران مسجد کی طرف علامتی تیر چلانے والی مادھوری لٹھا کو اسد الدین اویسی نے 3 لاکھ 30 ہزار سے زائد ووٹوں کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔بھارت میں لوک سبھا کی 543 نشستوں کے لیے انتخابات کا آغاز 19 اپریل سے ہوا اور 7 مراحل میں یکم جون تک تمام ریاستوں اور مرکزی علاقوں میں پولنگ ہوئی۔ انتخابات کے دوران 97 کروڑ سے زائد افراد نے ووٹ کاسٹ کیے۔