واشنگٹن: (انٹرنیشنل ویب ڈیسک) امریکی ریاست نیو میکسیکو میں البوکرک انٹرنیشنل سن پورٹ پر ایئر فیلڈ کے قریب نیا ایف۔35 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، طیارے کا پائلٹ بھی شدید زخمی ہو گیا۔
ایئر پورٹ حکام اور البوکرک فائر ریسکیو نے بتایا کہ یہ حادثہ گزشتہ روز پیش آیا، پائلٹ کو شدید زخمی حالت میں یونیورسٹی آف نیو میکسیکو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ گزشتہ شام تک پائلٹ کی حالت مستحکم تھی۔
حکام نے بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ ایک نیا ایف۔35 تھا، جسے لاک ہیڈ مارٹن فیکٹری سے سروس کے حوالے کرنے کے لئے منتقل کیا جا رہا تھا کہ اس دوران حادثے کا شکار ہو گیا۔
لاک ہیڈ مارٹن نے کہا کہ ایف۔35 بی فورٹ ورتھ، ٹیکساس سے کیلیفورنیا میں ایڈورڈز ایئر فورس بیس کی طرف جا رہا تھا نیو میکسیکو میں کرٹ لینڈ ایئر فورس بیس پر ایندھن بھرنے کے بعد گر کر تباہ ہو گیا۔